کراچی کے نارتھ کراچی میں ایک نجی اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت کے باعث ایک حاملہ خاتون اور اس کا بچہ دوران علاج جاں بحق ہوگئے، جس پر لواحقین نے اسپتال میں شدید احتجاج کیا۔
نجی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق، متاثرہ خاندان نے اسپتال کے ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بروقت علاج نہ ملنے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹرز نے متوفیہ کی ڈلیوری کے لیے پیر کا وقت دیا تھا، لیکن خاتون کی طبیعت بگڑنے پر اہل خانہ اسے ایک دن قبل ہی اسپتال لے آئے۔ متعلقہ ڈاکٹر جس کا یہ کیس تھا وہ چھٹی پر تھی، جس کے باعث انہیں ڈیوٹی پر موجود دوسری ڈاکٹر کو دکھانے کا کہا گیا۔
تاہم ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر ایک اور مریض کے علاج میں مصروف تھیں اور ان کا کہنا ہے کہ خاتون اور بچے کی موت اس وقت تک واقع ہو چکی تھی جب وہ انہیں دیکھنے آئیں۔
لواحقین نے ڈاکٹروں پر غفلت اور لاپرواہی کا الزام عائد کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال کسی اسپتال کے عملے کو گرفتار نہیں لیا گیا ۔