ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
صدر آصف علی زرداری کے کندھوں پر ایک مرتبہ پھر حکمراں پیپلز پارٹی نے بہت بڑی ذمہ داری ڈال دی تھی۔ انہیں ریکارڈ مرتبہ پارلیمان سے خطابات کے بعد اب دوسری مرتبہ ملک کے وزیر اعظم کا انتخاب کرنا پڑا ہے۔
وہ اس مقصد کے لیے مشاورت، استخارہ اور بہت کچھ کر رہے ہیں لیکن میرے دل میں خیال آیا کہ ان کا کام آسان کیوں نہ کر دیا جائے۔ لہذا ان کے لیے میں نے فہرست تیا کی ہے جس کی بنیاد پر وہ ہر امیدوار کو پرکھ سکتے ہیں۔ اعلان تو ہوگیا کاغذات نامزدگی بھی جمع ہوگئے لیکن نظرِ ثانی میں کیا مضائقہ۔
وزیراعظم کے لیے شرائط (عارضی نشست کسی بھی وقت کھینچی جاسکتی ہے)
1۔ قربان ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار ہو۔
2۔ خط لکھنا آتا ہو۔
3۔ بہتر ہے بےاولاد ہو تو کئی سکینڈلوں سے بچ جائے گا۔
4۔ جو کہیں اور نہ کھپ سکیں ایسے افراد پر مشتمل کابینہ تشکیل دینے میں ماہر ہو(تعداد کوئی مسئلہ نہیں)۔
5۔ عوام کو ملک چھوڑنے میں مکمل امداد کی یقین دہانی کروانے والا ہو۔
6۔ مہنگے مہنگے سوٹ پہن کر غریب عوام کا منہ چڑانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
7۔ سفارت کاروں سے زیادہ بدمزہ جواب دینے میں ماہر ہو (اچھی انگریزی لازمی نہیں)۔
8۔ بحران کی صورت میں غیرملکی دورے جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
9۔ خواتین صحافیوں کو انٹرویو دینا ترجیح ہو۔
10۔ ان کا وژن صرف اور صرف آئندہ انتخابات ہوں۔
11۔ جن کی ملک کے اندر اور باہر آواز سنی اور سمجھی جاسکے۔
12۔ عوام کی نبض پر نہیں لیکن ان کی جیب میں ہاتھ ضرور ہو۔
http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2012/06/120621_pm_conditions_zs.shtml