
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدے کرلیے ہیں، اب کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا۔
انہوں نے یہ گفتگو نجی ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کی اور کہا کہ صوبوں نے این ایف سے معاہدے پر سائن کردیئے ہیں، تمام صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس نافذ کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، ہمارا روپیہ مستحکم ہوگیا ہے او ر ایک ماہ کے رہ جانے والے زرمبادلہ کے ذخائر اب دو ماہ کیلئے ہوگئے ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں آئی ایم ایف پروگرام سے مدد ملے گی، صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدوں میں سب سے زیادہ تعاون وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کیا اور سب سے پہلے انہوں نے نئے معاہدے پر سائن کیے، ان کے بعد دیگر صوبوں نے زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ پر رضامندی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب صوبے اپنی آمدن میں اضافہ کریں گے اور پی ایس ڈی پی کے کچھ منصوبوں میں صوبے بوجھ بھی اٹھائیں گے،ان معاہدوں کے تحت بعض اخراجات صوبوں کو منتقل بھی ہوجائیں گے ۔
وفاقی وزیر خزانہ نے نان فائلرز کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسی بنائی ہے کہ اب نان فائلر گاڑی یا جائیداد نہیں خرید سکے گا اور نا ہی بینک اکاؤنٹ کھلواسکے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/auranh1123.jpg