سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین پاکستانی یوٹیوب سٹار زید علی کی جانب سے ان کی مشہور زمانہ فلم 'میں ہوں نا' کے منظر کی دوبارہ منظر کشی پر تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین سٹار زید علی نے حال ہی میں بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کی فلم 'میں ہوں نا' کے ایک مشہور منظر کو دوبارہ سے فلمایا ہے جس میں وہ فلم کے اصل ہیرو شاہ رخ خان کے کردار کو ادا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے 2 منٹ 11 سیکنڈ پر مبنی اس ویڈیو کلپ کو اپنے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا جس کو ناصرف ان کے مداحوں نے بلکہ بالی ووڈ کی اداکارہ سشمیتا سین نے بھی بہت پسند کیا اور ان کے کام کو سراہا۔
زید علی کی ویڈیو پر ہندوستانی دیوا نے خوش کن ایموجیز اور ہیش ٹیگز کے ساتھ جواب دیا جس میں لکھا تھا، "بہت پیارا" اور ساتھ ہی ان کے کام کی بھی تعریف کی۔
اس کے بعد زید علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ کے ردعمل کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’انہیں یہ منظر پسند آیا‘‘۔
اس ویڈیو کو ٹویٹر پر 5000 سے زیادہ بار پسند کیا گیا، یوٹیوبر نے اس کے کیپشن کے ساتھ پوسٹ کی تھی کہ "ہم نے مشہور 'میں ہوں نا' کے منظر کو دوبارہ بنایا! اگر آپ کو یہ پسند آیا تو [ریٹویٹ کریں]!
انہوں نے پوسٹ میں شاہ رخ اور ہدایت کار فرح خان کو بھی ٹیگ کیا۔
2004 میں بننے والی فلم میں شاہ رخ خان اور سشمیتا سین کے علاوہ اداکار زاید خان اور امریتا راؤ نے بھی کام کیا تھا۔