مینار پاکستان کا دوبارہ افتتاح
میاں صاحب کو افتتاح کا اتنا شوق ہے کہ وہ ایک ہی چیز کا چار چار، پانچ پانچ بار افتتاح کردیتے ہیں۔ ایسے بہت سے منصوبے ہیں جن کا وزیراعظم نے افتتاح تو کردیا لیکن زمین پر اسکا وجود تک نہیں اور آج تک ان کی تعمیر تک شروع نہیں ہوسکی۔ عمران خان نے کچھ عرصہ پہلے کہا تھا کہ میاں صاحب جس طرح دھڑا دھڑ افتتاح کررہے ہیں۔ ایسا نہ ہو کسی دن شاہی قلعے کا افتتاح کردیں۔ میاں صاحب نے شاہی قلعے کا تو نہیں لیکن شاہی قلعے سے تھوڑا دور مینارپاکستان کا دوبارہ افتتاح کردیا ہے۔ وہ بھی چند لائٹیں، کچھ کیاریاں بناکر اور فوارے لگاکر، پرانی جھیل کی صفائی کرواکر، ایک آدھی نئی کنٹین بنواکر "اقبال پارک" کو "گریٹراقبال پارک " کا نام دیدیا ہے۔ کروڑوں روپے تقریب پر اڑائے گئے۔ اپنی تصاویر لگوائی گئیں لیکن جس کے نام سے پارک تھا اسکی کوئی تصویر نہیں۔
یادرہے کہ اسی پارک کا افتتاح پچھلے ماہ ہی طیب اردگان نے کیا تھا لیکن پانامہ کی وجہ سے میاں صاحب کو اپنا کوئی پراجیکٹ نظر نہیں آیا تو مینارپاکستان کا دوبارہ افتتاح کردیا۔
کسی دن میاں صاحب شاہی قلعے ، بادشاہی کو رنگ وروغن کرواکر شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد کا افتتاح کردیں گے۔ کوئی بعید نہیں کہ کسی داتا دربار ، مقبرہ جہانگیر ، شالامار باغ، جلوپارک، بی بی پاکدامن کے مزار ، سوزوواٹرپارک کا بھی افتتاح کردیں گے۔ کیا پتہ میاں صاحب الیکشن سے پہلے لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کا دوبارہ افتتاح کردیں۔
یہ بات نوٹ کرلیں کچھ عرصے بعد یہ پارک دوبارہ اپنی اصل حالت میں واپس آجائے گا۔ کچھ فوارے غائب ہوجائیں گے کسی کا کچھ نہ کچھ غائب ہوجائے گا اور یہ چلنا بند ہوجائیں گے جبکہ رنگ برنگی لائٹس بھی جلد ہی غائب ہوجائیں گی۔ مینارپاکستان کے دوبارہ افتتاح کا وہی حال ہوگا جو پی آئی اے پریمئیر سروس کا ہوا۔ پی آئی اے پریمئیر سروس نے 3 ماہ میں 40 کروڑ کا نقصان کیا ہے اور یہ تقریبا بند ہوچکی ہے۔