
میسور کے ٹائیگر ٹیپو سلطان کی تلوار 14 ملین پائونڈز میں فروخت، ٹیپو سلطان کو برطانیہ کی فوج کیخلاف جنگ کے دوران دھوکے سے ان کے چند ساتھیوں نے غداری کرتے ہوئے شہید کروا دیا تھا
ہندوستان کے اصلاح و حریت پسندحکمران، جنگ آزادی کے ہیرو، بہادری اور مزاحمت کے استعارے اور میسور کے ٹائیگر کے نام سے معروف ٹیپو سلطان کی تاریخی تلوار کو برطانیہ میں نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔ ٹیپو سلطان کی تلوار اسلحہ سازی کی مہارت اور فن ثقافت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے جسے 14 ملین پائونڈز (4 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ روپے) میں فروخت کیا گیا ہے۔
18 ویں صدی میں میسور کے حکمران ٹیپو سلطان جن کا اصل نام سلطان فتح علی صاحب ٹیپوتھا کی یہ تلوار ان کے ذاتی کوارٹر سے ملی تھی۔ ٹیپو سلطان کی اس تلوار کو برطانوی میجر جنرل ڈیوڈ بیرڈ کو ہمت کے نشان کے طور پر پیش کر دیا گیا تھا۔ ٹیپو سلطان کو برطانیہ کی فوج کے خلاف جنگ کے دوران دھوکے سے ان کے چند ساتھیوں نے غداری کرتے ہوئے قتل کروا دیا تھا۔
سالہا سال پرانے نوادرات سے دلچسپی رکھنے والے افراد برصغیر کے اس جوان وبہادر سپہ سالان حکمران کی تلوار خریدنے میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن نیلامی کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ہمیں امید نہیں تھی کہ اس تلوار کی اتنی قیمت ملے گی۔ ٹیپو سلطان کی تلوار کی نیلامی شروع ہوتے ہی بولی کا آغاز کانٹے دار ہوا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے بی بی سی کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ٹیپو سلطان کے ساتھیوں کی مدد سے انہیں قتل کرنے کے بعد برطانیہ کے فوجیوں نے سرنگا پٹم کو برے طریقے سے لوٹا تھا۔ برطانیہ کی فوج نے ٹیپو سلطان کی تلوار اور ہیرے سے تیار کیا گیا ستار ویلیوز لی کو پیش کیا تھا۔
میجر ایلکزانڈر ایلن نے اپنی کتاب "این اکائونٹ آف دی کیمپین ان میسور" میں لکھا تھا کہ ہیرس نے ٹیپو سلطان کی ایک اور تلوار میجر جنرل ڈیوڈ بیرڈ کو تحفے میں دے دی تھی، یہی وہ تلوار ہے جسے آج نیلامی کیلئے پیش کیا گیا تھا۔ ٹیپو سلطان کی اس تلوار کو 14 ملین پائونڈز (4 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ روپے) میں فروخت کر دیا گیا۔
برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی کیلئے ٹیپو سلطان ایک ناقابل تسخیر دشمن تھے جنہوں نے 1789ء میں برطانوی اتحادی ٹراوانکور پر حملے کے ساتھ تنازعات کو جنم دیا اور تیسری اینگلو میسور جنگ میں انگریزوں کو سرینگا پٹم کے معاہدے پر مجبور کر دیا جس سے انگریزوں کو متعدد علاقے کھونا پڑے۔ چوتھی اینگلو میسور جنگ میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے فوجیوں کی مراٹھوں اور نظام حیدرآباد نے حمایت کی جس میں ٹیپو سلطان کو شکست ہوئی اوروہ 4 مئی 1799ء کو شہید ہوگئے