میئر کراچی حافظ نعیم ہوں گے: جماعت اسلامی کی پی ٹی آئی ، پی پی کو دعوت

hafiz-naeem-pti-and-pp-n.jpg



جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کہتے ہیں ایک سیٹ تو کیا اپنا ایک ووٹ بھی پیپلزپارٹی کے پاس نہیں جانے دیں گے، میئر کراچی حافظ نعیم ہی ہوں گے،جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے شہر کی بہتری اور ترقی کیلیے پیپزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت دیگر فریقین کو بات چیت کی دعوت بھی دے دی۔

کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی شاندار کامیابی اور عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے پر نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک ”جلسہ تشکر“ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کراچی کے عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اسے ہر گز چوری نہیں ہونے دیں گے اور اپنی ایک سیٹ تو کیا ایک ووٹ کو بھی پیپلز پارٹی کے پاس نہیں جانے دیں گے۔


انہوں نے کہا پیپلز پارٹی یہ حقیقت جتنی جلدی تسلیم کر لے اتناہی اس کے حق میں بہتر ہے کہ کراچی کے میئر تو حافظ نعیم الرحمان ہی ہوں گے،ہم پیپلز پارٹی سے کہتے ہیں کہ کراچی کے عوام نے ہمیں جو مینڈیٹ دیا اسے تسلیم کریں، پیپلز پارٹی بتائے سندھ میں آج بھی مظلوم غریب اور ہاری بنیادی سہولتوں سے محروم کیوں ہیں؟

انہوں نے کہا اندرون سندھ کے عوام بد حال ہیں، پیپلز پارٹی ان کے حال پر رحم کرے اور اگر خدمت کرنی ہے تو اندرون سندھ میں کرے، کراچی میں ہمارا مینڈیٹ تو ہر صورت قبول کرنا پڑے گا خواہ ہنس کر قبول کیا جائے یا رو کر۔ کراچی کے مینڈیٹ کو کسی کو بھی ہضم نہیں کرنے دیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم اپنی حدود میں ہیں لیکن اگر ہماری بات نہیں سنی گئی تو پھر حالات کی تمام تر ذمہ داری ا ن پر عائد ہو گی جو ہمارے مینڈیٹ کو ہائی جیک کرنا چاہتا ہے، قومی خزانہ اور فنڈز عوام کا حق ہے اور سندھ حکومت کو ہر صورت عوام کا حق دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کر رہی ہے، آج نواز لیگ اور پی ڈی ایم کی حکومت ہے، کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں اور لوگ غربت کی لکیر کے نیچے لوگ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے،ہمیں کراچی کے عوام، تاجروں اور دیگر شعبوں کے لوگوں اور ہر اس شخص کا تعاون چاہیئے جو کراچی سے دلچسپی رکھتا ہو، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا آپ سب کی محنت اور جدو جہد کے باعث ہی آج جماعت اسلامی شہر میں ایک بڑی سیاسی قوت و طاقت اور نمبر ون پارٹی بن کر اُبھری ہے، آج ہم اپنے مرحوم قائدین اور شہداء کو بھی یاد کرتے ہیں۔ہم نے انتخابات کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور عوام نے ہمارا ساتھ دیا جس کی وجہ سے سب سے زیادہ سیٹیں اور ووٹ بھی ہم نے حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں میئر تو جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، ہم دیکھیں گے کون ہمارا راستہ روکتاہے،لوگ پوچھتے ہیں کس کے ساتھ جاؤ گے؟ ہم کہتے ہیں کون کون ہمارے ساتھ آئے گا جس کو عزت چاہیئے اور حالات کو بہتر رکھنا ہے وہ ہمارے ساتھ آئے ہم سب کو ساتھ لے کرچلنے کا عزم کر کے آئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کے بعد بھی حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی، ہم کرپشن اور لوٹ مار نہیں کریں گے، ہمارا کردار سب کے سامنے ہے، عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے،ہم تمام تر اختلافات کے باوجود پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی سمیت سب سے کہتے ہیں کہ آئیں منی پاکستان کراچی کے لیے اتفاق رائے کر لیں، ہم ہفتے کو پی ٹی آئی کے دوستوں سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ایک وقت تھا یہ شہر امن و محبت اور خوشیوں کا گہوارہ تھا اس کی شناخت اور تشخص تعلیم اور تہذیب تھی لیکن پھر اس شہر کو کسی کی نظر لگ گئی اور عصبیت و لسانیت کی آگ اور نفرت نے شہر کو اُجاڑ دیا،جماعت اسلامی نے اس ماحول میں بھی محبت اور امن کا پیغام عام کیا اور اس کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ آج ہم اس کامیابی کو ان شہداء کے نام کرتے ہیں اور فتح کا جشن مناتے ہوئے رب کا شکر ادا بھی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کی جدو جہد کی، کے الیکٹرک کے ظلم و لوٹ مار کے خلاف اور واٹر بورڈ، نادرا اور بحریہ ٹاؤن کے حوالے سے جماعت اسلامی نے تاریخی جدو جہد کی ہے،کورونا وبا میں عوام کی خدمت کی، الخدمت نے مختلف شعبوں اور سیلاب زدگان کی امداد و بحالی میں بھر پور کردار ادا کیا۔ نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کورسز شروع کر دیے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ہر گز نہیں ڈالنے دیں گے،شہر کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہو گا۔شہر کو از سر نو تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے، اتفاق رائے پر یقین رکھتے ہیں اوراس کی دعو ت سب کو دیتے ہیں۔