جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترامیم کے حوالے سے حکومتی مسودے کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ اعلان اسد قیصر کی رہائش پہنچ کر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا اور کہا کہ ہم نے آئینی ترامیم پر حکومت کے مسودے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے،اب تو یہ خود بھی کہہ رہے ہیں کہ یہ ہمارا مسودہ نہیں تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کیجانب سے جو پہلے مسودہ فراہم کیا گیا وہ کیا کھیل تھا؟ جب اس مسودے کا مطالعہ کیا وہ مسودہ کسی بھی لحاظ سے قابل قبول نہیں لگا، اگر ہم اس مسودے کی حمایت کرتے تو یہ قوم کے ساتھ بڑی خیانت ہوتی۔
مولانا فضل الرحمان نے اسد قیصر کے گھر آمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قیصر نے میرے بہت کھانے کھائے ہیں ، ہم کھانا کھانے آئے تھے کھاکر جارہے ہیں، اس ظہرانے میں سابق صدر عارف علوی، رؤف حسن سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی شریک ہوئے۔