منگیتر کے ساتھ گھومنے پر پولیس نے پکڑا تو عمران خان نے چھڑوایا، نادیہ جمیل

nadia-imran.jpg


کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے اپنی زندگی کے کئی انکشافات کیے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنے منگیتر کے ساتھ گھومنے کے دوران پولیس نے گرفتار کر لیا تھا، لیکن بعد ازاں اس وقت کے ورلڈ کپ چیمپئن عمران خان نے انہیں جیل سے چھڑوایا۔

اداکارہ نے اپنی زندگی کے تلخ و شیریں لمحات کے علاوہ اپنے کیریئر اور کینسر سے لڑائی کے سفر کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کے علاج کے دوران جب انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوا دیے تو انہوں نے خود کو خوبصورت محسوس کیا کیونکہ انہیں بالوں اور بلو ڈرائی کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں تھی۔

نادیہ جمیل نے اپنے بچپن اور نوجوانی کے دلچسپ قصے بھی سنائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں 18 سال کی عمر میں اپنی سہیلیوں سے ملنے اور باہر جانے کی اجازت ملی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کو 14 سال کی عمر سے جانتی تھیں اور 18 سال کی عمر میں انہیں
دوستوں کے ساتھ باہر ملنے کی اجازت ملی تھی۔



انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا جب وہ اپنے منگیتر کے ساتھ چھپ چھپ کر فون پر بات کر رہی تھیں اور دوستوں کے ساتھ باہر جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ لیکن پارٹی چھوڑ کر ڈرائیونگ پر نکلنے کے بعد شاہین اسکواڈ نے انہیں پکڑ لیا اور نکاح نامہ مانگا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پولیس سے کہا کہ وہ انہیں تھانے لے کر نہ جائیں، مگر انہیں لے جایا گیا۔

تھانے میں انہیں ایک کال کرنے کی اجازت دی گئی، جس کے بعد نادیہ جمیل نے اپنے والد کے دوست کو کال کی، جو انہیں چھڑانے کے لیے آئے۔ ان میں عمران خان بھی شامل تھے جو اس وقت ورلڈ کپ جیت کر مشہور تھے۔ پولیس نے عمران خان کی عزت کی وجہ سے انہیں رہا کیا۔

نادیہ جمیل نے بتایا کہ وہ عمران خان کو 'انکل' کہتی ہیں کیونکہ وہ ان کے والد کے بہت اچھے دوست رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بعد میں انہوں نے عمران خان کا ٹی وی پروگرام میں انٹرویو بھی لیا تھا جہاں عمران خان نے انہیں 'اچھی لڑکی' کہا تھا اور ان کی شادی کے فیصلے کی تعریف کی تھی۔
 
Last edited:

Back
Top