
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گے اور پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں شنگھائی الیکٹرک منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر وفاقی و صوبائی وزراء اور چینی نائب ناظم الامور پانگ چن شوئی نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود چین ہماری مدد کررہا ہےجس پر میں چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج سی پیک کا سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے، اب وقت آگیا ہے سی پیک کو پوری طرح سے آگے بڑھائیں، منصوبےکے اگلے فیز کیلئے چینی قیادت سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کیلئے ایک خوشی کا دن ہے، ہم سب نے آج مل کر تھرپارکر کے اس صحرائی علاقے میں "تھل نووا"1330 میگاواٹ کے ایک اور منصوبے اور کوئلہ نکالنے کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے، دہائیوں کی محنت کے بعد آج اس علاقے کے ریتلیے میدانوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ اللہ پاک کا خاص تحفہ ہے، تھر کے صحراؤں میں کروڑوں، اربوں ٹن کوئلہ دفن ہے، یہاں کا کوئلہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، آج یہ صحرا مربوط حکمت عملی کی بدولت ایک صنعت کی شکل اختیار کرچکا ہے، یہاں پیدا ہونے والی بجلی کی روشنی پورے ملک میں پھیل رہی ہے، یہاں سے شروع ہونے والا سفر پاکستان کی ترقی کا موجب بنے گا۔