ملکی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آرمی چیف

asim.png


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں خواتی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ پشاور کے دوران سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کیا کہا ملکی تاریخ میں دیکھیں تو خواتین نے ہمیشہ ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے۔

آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، خیبر پختونخوا کی خواتین اپنے صوبے اور نئے ضم ہونے والے اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کی کوشش کریں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ خواتین اس تبدیلی سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں، اس صوبے کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا ہے، تاہم ان تمام تر چیلنجز کے باوجود یہاں کی خواتین پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، اجلاس میں نگراں وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سمیت دیگر اعلی حکومتی و عسکری حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، ملک میں امن و استحکام اور خوشحالی لانے کیلئے تمام تر کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا، پاک فوج صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔