
پنجاب میں مفت آٹے کے حصول کی کوشش نے مزیددو جان لے لیں, بھکر میں 66 سال کا الہی بخش صبح 6 بجے آٹےکے حصول کے لیے یوسی آفس میں موجود تھا، الٰہی بخش نے لائن میں لگ کر آٹا وصول کیا اور گرگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق الٰہی بخش کی طبعیت کی خرابی کی اطلاع ملی لیکن امداد پہنچنے تک دل کا دورہ پڑنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا,ڈپٹی کمشنرکے مطابق واقعےکی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جس میں شہری کی موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
فیصل آباد میں مفت آٹا لینے آئے بزرگ کی جان چلی گئی اور مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں مفت آٹے کے حصول کے لیے لائن میں لگی خاتون کو آٹا تو نہ مل سکا لیکن دل کا دورہ پڑنے سے اس کی جان چلی گئی۔
مظفرگڑ ھ کی تحصیل جتوئی میں مفت آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچنے سے بزرگ خاتون جاں بحق ہو گئی,پولیس کے مطابق خاتون مقامی میرج ہال میں قائم آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنےکا انتظار کر رہی تھی، گیٹ کھلنے پر دھکم پیل کے باعث خاتون گر کر زخمی ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 60 سال کی بزرگ خاتون کو ریسکیو اہلکاروں نے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس جعفری نے مفت آٹا پوائنٹ پر خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی سی مظفر گڑھ کا کہنا ہے کہ معاملےکی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل بھکر میں بھی مفت آٹا لینے کے لیے دھکے کھانیوالا شہری آٹا لیتے ہی جان کی بازی ہار گیا تھا۔
ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں آٹا نہ ملنے پر شہریوں نے نئے تعینات اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے احتجاج کیا، اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈ نے خاتون کو تھپڑ مارا تو شہری مشتعل ہو گئے اور اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔پنخاب اور خیبرپختونخوا میں دس سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں