
خیبر پختونخوا میں عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہوگئی، صوبے کے 2 سابق وزراء نے بھی افسوسناک مناظر شیئر کردیئے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے اپنی ایک ٹویٹ میں مفت آٹے کے حصول کیلئے خوار ہوتی عوام اور ٹرک پر حملہ کرتے لوگوں کی ویڈیو شیئر کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مفت آٹے کے ٹرک کو سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے گھیر رکھا ہے، کچھ لوگ اس ٹرک کے اوپر چڑھنے کی کوشش کرتے ہوئے آٹے کے تھیلے کے حصول کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہیں۔
تیمور جھگڑا نے یہ ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قومی رہنما اس وجہ سے وزیراعظم کا شکریہ ادا کررہے ہیں؟ عوام کو زلیل و رسوا کرنے کیلئے؟ اس صوبے کے عوام کے اپنے پیسوں سے خریدے گئے آٹے کیلئے؟ مجھے لگتا تھا کہ سیاست مفاد پرستی کا نام ہے مگر ایسے نہیں،انسانوں کی بنیادی عزت اس سے بھی اہم ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ثمر بلور اور ایمل ولی خان کو ٹیگ کیا اور کہا کہ آپ بہت غلط ہیں۔
اپنی دوسری ٹویٹ میں تیمور جھگڑا نے آٹے کی ایسی تقسیم کے موقع پر سامنے آنے والے مناظر کے معاملے پر نگراں حکومت سے پانچ سوالات پوچھے اور کہا کہ کیا نگراں حکومت کے پاس غیر بجٹ شدہ20 ارب روپے کا مفت آٹا دینے کا اختیار ہے؟
تیمور جھگڑا نے پوچھا کہ وزیراعظم اس منصوبے کا حصہ بن کر کیا تاثر دے رہے ہیں کہ یہ ایک سیاسی منصوبہ ہے، الیکشن کمیشن کو اس معاملے کا نوٹس نہیں لینا چاہیے؟
ہمارےصوبوں کے پیسوں سے ہی آٹا فراہم کیا جارہا ہے اس پر وزیراعظم کے شکریہ کا کیا جواز ہے؟ اس وزیراعظم نے صوبے کے 230 ارب روپے روکے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ثمر بلور نے تو اعتراف بھی کرلیا یہ منصوبہ ان کا ہے، اس کا مطلب ہے نگراں حکومت اے این پی رہنما سے احکامات لے رہی ہے؟ کیا الیکشن کمیشن، نگراں وزیراعلی اس معاملے کا نوٹس لیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے آخر میں پوچھا کہ ہم اس منصوبے کی مخالفت نہیں کرتے مگر کیا یہ طریقہ ٹھیک ہے؟ کیا لوگوں کی تذلیل صحیح عمل ہے؟ کیا غریبوں کو اس طرح ذلیل کرنا ٹھیک ہے؟
خیبر پختونخوا کے ایک اور سابق وزیر شہرام تراکئی نے بھی آٹا تقسیم کے شرمناک مناظر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، نگراں حکومت انتظامی طور پر ناکام نظر آرہی ہے، ضروری ہے فوری طور پر انتخابات کرواکے اقتدار عوامی نمائندوں کو منتقل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حکومت عوام کیلئے بہتر انتظامات کرسکتی ہے جس میں ضرورت مندوں کی عزت نفس پامال نہیں ہوگی۔