پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے اہم سوالات پوچھ لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مفتاح اسماعیل اور حکومت یہ وضاحت کریں کہ انٹیلی جنس بیورو نے کس قانون کے تحت فون ٹیپ کیے، اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی پرائیویسی لاء نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو آڈیو لیک سامنے آئی ہے اس میں مختلف ٹکٹرےجوڑے گئےہیں، 100 فیصد گفتگو ایسی نہیں ہوئی جیسی سنائی دے رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے مفاد میں یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کو پوری طرح سامنے لایا جائے،سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد جو سرپلس کا معاملہ ہے وہ دوبارہ ہم سے طے کیا جائے، اس کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھیں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ تیمور جھگڑا اور محسن نے جو پوائنٹس اٹھائے ہیں مفتاح اسماعیل ان کے جوابات دیں ، اگر جواب دیں گے تو ہم ان کا ساتھ دیں گے ، مفتاح اسماعیل صاحب کی کارکردگی کے حوالے سے بس اتنا کہوں گا کہ ن لیگ کے اپنے لوگ ان پر تنقید کررہے ہیں، اس وقت ملک میں اگر ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات کررہا ہے تووہ عمران خان ہیں۔