مظفرگڑھ: تھانے کے اندر شادی شدہ خاتون سے مبینہ زیادتی، پرائیویٹ رائٹر گرفتار، دو اے ایس آئی معطل
مظفرگڑھ: تھانہ صدر میں ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں اغواء کے مقدمے میں میڈیکل کے لیے بلائی گئی شادی شدہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے تھانے کے اندر ہی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق وہ اپنے اغواء کے مقدمے کے سلسلے میں میڈیکل کے لیے تھانے آئی تھی، جہاں تھانے میں تعینات پرائیویٹ رائٹر جنید نے اسے ایک اے ایس آئی کے کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر زیادتی کی۔
خاتون کے بیان پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی، جس پر پولیس نے پرائیویٹ رائٹر کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانے میں پرائیویٹ رائٹر رکھنے پر دو اے ایس آئیز کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس وسیم خان گوپانگ کے مطابق معاملہ تفتیش طلب ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تھانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی چیک کی جا رہی ہے تاکہ حقائق واضح کیے جا سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے گی، اور اگر الزامات غلط ثابت ہوئے تو اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔