مری میں مال روڈ پر سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان جھڑپ کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ہے جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مری کا مشہور ترین سیاحتی مقام مال روڈ ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا ہے، مال روڈ پر مقامی افراد اور سیاحوں کے درمیان پارکنگ اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے کی وجہ سے ایک جھگڑا شروع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگیا، لڑائی بڑھی تو اس میں لاٹھیوں، لاتوں اور مکوں کا آزادنہ استعمال ہوا جس میں دونوں فریقین کے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ مال روڈ پر انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے پیش آیا، سیاحوں کی پروٹیکشن کیلئے پولیس اور ڈولفن فورس سمیت دیگر سول ادارے اور ضلعی انتظامیہ اس موقع پر غائب رہی۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب مری میں سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، اس سے پہلے بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں، 26 جولائی 2024 کو بھی مری کے علاقے حاطہ نور خان میں ایک کنسٹرکشن سائٹ پر کام کرنے والے افراد اور مقامی لوگوں کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس میں گولی لگنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔