
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سازش تھی یا مداخلت اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے یہ گفتگو سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کی اور کہا کہ اس وقت جو حکومت اقتدار میں ہے وہ رجیم چینج سے متعلق سازش کا حصہ بنی ہے، پاکستان کے خلاف سازش ہوئی یامداخلت اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے نچلے طبقے پر فرق پڑرہا ہے، آج رات ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دے رہا ہوں،سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے پاس عام طبقے تک آواز پہنچانے کا راستہ ہے، میرا سوال ہے کہ اگر ان سے حکومت نہیں ہوتی توانہوں نے میری حکومت کے خلاف سازش کیوں کی؟
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے عدم اعتماد کے پیچھے مہنگائی کا جھوٹا بیانیہ بنایا، ہمارے دور میں ڈالر یا پیٹرول کی قیمت میں تھوڑا سا اضافہ ہوتا تھا تو یہ مہنگائی مارچ لے کر نکل جاتے تھے، عوام اس وقت مہنگائی کی وجہ سے غصے میں بھرے بیٹھے ہیں،کیونکہ انہوں نے عوام پر پیٹرول بم پھینکے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں ملک کا وزیراعظم تھا میرے سامنے کوئی تحقیقات نہیں آئیں، وہ سازش تھی یا مداخلت اس کی بھی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی، اس سازش کا حصہ بننے والے عناصر چاہتے ہیں اس معاملے کو دبادیا جائے،ان کی حکومت میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے ہمارا موقف تسلیم کیا، اس وقت سب سے بڑے اور نامور ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب تیار رہیں کہ 10 جولائی پہلے پہلے اگلی کال دے سکتا ہوں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14khan10jualacal.jpg