لاہور: نامعلوم نوجوان کو 4 افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

police-case-pakistan-one-eee.jpg


قتل کی وجہ کسی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا اس کی وجہ کچھ اور ہے؟ اس بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا: پولیس

ملک میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، شامکے بھٹیاں میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائے جانے کے واقعے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق مانگا منڈی کے نواحی علاقے شامکے بھٹیاں میں 4 کارسوار ملزموں نے ایک 18 سالہ نامعلوم نوجوان کے ہاتھ پائوں باندھے اور اس پر پٹرول چھڑکنے کے بعد آگ لگا دی۔نامعلوم نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جس کے بعد ملزمان موقع واردات سے فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا نوجوان اپنی زندگی کی بھیک مانگتا رہا لیکن سفاک ملزمان کو ترس نہ آیا اور پاس کھڑے ہو کر نوجوان کے زندہ جلنے کا تماشا دیکھتے رہے۔ مقتول کی شناخت کے لیے واقعہ کے بعد علاقے میں اعلانات بھی کروائے گئے ہیں لیکن ابھی تک نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد شواہد اکٹھے کر لیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیا ہے اور واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے قتل کی وجہ کسی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا اس کی وجہ کچھ اور ہے؟ اس بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں جس کے بعد ہی اصل حقائق منظرعام پر آئینگے۔