
ملک بھر میں پولیس وانتظامیہ کی نااہلی کے باعث جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے، سٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ اغوا کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے نصیرآباد میں ایک شہری کو اغوا کر لیا گیا، اغواکاروں کی طرف سے شہری کی رہائی کے لیے 4 کروڑ روپے سے زیادہ بھتہ وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ نصیرآباد کی حدود میں پیش آیا جہاں ایک شہری کو اغوا کرنے کے بعد ملزمان نے 4 کروڑ روپے سے زیادہ بھتہ وصول کر لیا۔ تھانہ نصیر آباد پولیس میں 2 مرکزی ملزموں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ نصیرآباد میں درج مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے شہری کو اغوا کرنے کے بعد اس کے مختلف اے ٹی ایم کارڈز کو استعمال کرواتے ہوئے بھاری رقم نکلوائی۔ اغواکاروں نے مغوی شہری سے اشٹام پیپرز پر زبردستی دستخط بھی کروانے کے علاوہ خالی چیکس اور سادہ کاغذات پر دستخط، انگوٹھے کے نشانات بھی لگوا لیے۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ ملزموں نے مغوی شہری کا موبائل فون، 10 ہزار روپے نقد ی بیگ اور لیپ ٹاپ بھی چھین لیا، پولیس کے مطابق یہ لوگ آپس میں مشترکہ کاروبار کرتے تھے۔
پولیس نے اغواکاروں کے خلاف دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزموں کی گرفتار کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ، جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14lahoraghwaaksjjsjs.png