لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

passport-pakistan-airport.jpg


لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

پاکستان میں رہتے ہوئے عوام ایک کے بعد ایک مشکلات کا شکار ہیں, کبھی مہنگائی تو کبھی دیگر مسائل نے عوام کی مشکلات بڑھادی ہیں,بیرون ملک جانا بھی مشکل عمل ہوگیا,محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے شہری کئی ماہ سے پریشان ہیں۔

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ بروقت فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا۔ ساڑھے 5 لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے امریکا برطانیہ کینیڈا،سمیت دیگر ممالک میں رہائش پذیر سیکڑوں پاکستانی پاسپورٹ کے انتظار میں کئی ماہ سے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔

حج اور عمرہ پر جانے کے خواہش مند بھی ہزاروں پاسپورٹس بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی کرب کا شکار ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بنا کر دے رہا ہے۔ 3 ماہ ہوگئے ابھی تک پاسپورٹ نہیں ملا ۔ رمضان المبارک میں عمرہ پر جانا تھا، رمضان ختم ہونے کو ہے پاسپورٹ نہیں ملا ۔

دوسری جانب پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ انک اور لیمینشن پیپر کا اسٹاک ختم ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔دونوں اشیا آ چکی ہیں، جس کے بعد اب جون تک تمام پاسپورٹ کلیئر ہو جائیں گے,اس سے قبل فروری میں پاسپورٹ بحران نے عوام کو مشکل سے دوچار کردیا تھا.

محکمہ پاسپورٹ لیمینیشن پیپر فرانس سے امپورٹ کرتا ہے جس کی درآمد میں فروری میں ڈالر کی کمی کی وجہ سے دوبارہ تاخیر ہو رہی تھی ، جس کی وجہ سے نارمل فیس والے پاسپورٹ 15 سے 20 روز میں ملنے کے بجائے 2 ماہ بعد مل رہے تھے, اس وقت محکمے کے پاس ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاسپورٹس التوا کا شکار تھے.

محکمہ پاسپورٹ صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بروقت دے رہا تھا, پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا ادارہ سالانہ 120 سے 150 ارب روپے تک کا ریونیو کماتا ہے، اس کے باوجود بروقت لیمینیشن پیپر نہیں خرید پایا۔