لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے اسٹیشن سے پُراسرار ڈرون طیارہ ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق اورنج لائن ٹرین کے علی ٹاؤن اسٹیشن سے ڈرون طیارہ ٹکرایا جس میں کسی قسم کا کوئی بارودی یا دھماکاخیز مواد نہیں ملا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک پراسرار ریموٹ کنٹرول ہلکا ڈرون اورنج لائن ٹرین کے پل سے ٹکرایا ہے۔ لاہور پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو اورنج لائن ٹرین کے علی ٹاؤن اسٹیشن ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تعین کیا جا رہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ کس طرف سے آیا ہے، بم ڈسپوزل اور متعلقہ حکام نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈرون طیارے کے پروں کی لمبائی 13 فٹ ہے، جبکہ ڈرون کی لمبائی 6 فٹ 4 انچ ہے۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اور دیگر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اورنج ٹرین ٹرمینل میں ڈرون طیارہ گرنے کے واقعے کی تخریب کاری سمیت تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ حساس اداروں نے ڈرون اپنی تحویل میں لے لیا ہے، سی ٹی ڈی فرانزک ٹیم نے ڈرون کے پرزوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈرون کے تمام پرزے الگ کر کے اس کی ساخت کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔