
مقتول سخاوت کے بھائی کی مدعیت میں دوسری بھابی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج: پولیس
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں رات گئے گلستان کالونی غازی روڈ پر گھریلو ناچاقی کے سبب ڈالفن پولیس کے ایک اہلکار کو مبینہ طور پر اس کی دوسری بیوی نے قتل کر دیا ہے۔
ڈالفن پولیس کے مقتول اہلکار کی شناخت سخاوت کے نام سے ہوئی تھی جس کے قتل پر اس کے بھائی فواد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈالفن اہلکار سخاوت گلستان کالونی میں اپنے گھر پر دوسری بیوی کے ساتھ موجود تھا جہاں مبینہ طور پر نامعلوم وجوہات کی بنا پر جھگڑا ہو گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے تو ڈالفن اہلکار سخاوت کے چہرے پر گولی لگی ہوئی تھی۔ پولیس نے سخاوت کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر کے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس کی طرف سے قتل کے مقدمے میں مقتول سخاوت کی دوسری بیوی کے علاوہ نامعلوم ملزموں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقتول سخاوت کے بھائی فواد نے اپنی مدعیت میں دوسری بھابی کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں قتل کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈالفن زوہیب رانجھا کا کہنا تھا کہ اہلکار کی لاش کو میو ہسپتال پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، رپورٹ سامنے آنے پر حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔
علاوہ ازیں 2 دن قبل بھی ایک المناک واقعے میں معروف آن لائن گیم پب جی سے متاثر ایک شخص نے ڈالفن پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی جس سے ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا تھا۔ مسلح حملہ آور نے 2 فٹ کے فاصلے سے ڈالفن اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس سے پولیس آفیسر نعمان جاں بحق، کانسٹیبل محسن کے سینے اور ٹانگ پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12dolhinmurderreee.jpg