قومی ترانے کی بے حرمتی، پاکستان نے افغانستان کی وضاحت کو سختی سے مسترد کردیا
پاکستان نے قومی ترانے کے احترام میں افغان قونصل جنرل کے کھڑے نا ہونے کے معاملے پر افغانستان کی وضاحت کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ افغان قونصل جنرل حفیظ محب اللہ شاکر کی جانب سے پاکستان کے قومی ترانے پر کھڑے نا ہونے سے متعلق افغانستان کی وضاحت کو مسترد کرتے ہیں، ہم نے اس معاملے پر افغان انتظامیہ کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آباد کی ہی خلاف ورزی ہے، افغان قونصل جنرل اس وقت پاکستانی ویزے پر موجود ہیں اور ایک سفارتکار کا اسٹیٹس انجوائے کررہے ہیں، سفارتی سطح پر موجود ہر شخص کو قومی ترانے کا احترام کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ پشاور میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقد کی گئی ایک کانفرنس میں جب پاکستان کا قومی ترانا بجایا گیا تو کانفرنس میں موجود افغان قونصل جنرل اور ان کے ایک ساتھی احتراما کھڑے نہیں ہوئے، اس معاملے پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل کے اظہار پر افغان قونصل جنرل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کھڑے نا ہونے کا مقصد پاکستان کے ترانے کی بے
توقیری یا بے حرمتی ہرگز نہیں تھا، ترانے میں میوزک تھا جس کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے افغان قونصل جنرل کے اس اقدام کی حمایت بھی کی تھی۔