قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی مدت میں اگر توسیع کی ضرورت پڑی تواپوزیشن حکومت کا ساتھ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیے، تاہم یہ آنے والے وقت میں ہی پتا چلے گا کہ حکومت اسمبلیاں توڑتی ہے یا ان کی مدت میں توسیع کرتی ہے۔
ا نہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی خاطر اگر اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کرنی پڑی تو اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے گی۔
راجا ریاض نے کہا کہ حکومت تو کہہ رہی ہے کہ مدت پوری ہونے پر اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کی طرف جائیں گے۔
خیال رہے کہ راجا ریاض نے اس سے قبل بھی ایک بار حکومت کو اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ موجودہ صورتحال میں انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے، پہلے ملک میں معاشی استحکام آنا چاہیے اور پھر انتخابات ہونے چاہیے۔
راجا ریاض نے کہا تھا کہ حکومت اگر معاشی استحکام کیلئے قومی اسمبلی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کرتی ہے تو اپوزیشن بھرپور تعاون کرے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے اور جاتے ہوئے پندرہ ارب ڈالر کے زخائر چھوڑ کر جائیں گے۔