
سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے انٹرویو کے معاملے پر صحافی شاہد میتلا اور اینکر پرسن منصور علی خان کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق صحافی و اینکر پرسن منصور علی خان نے اپنے تازہ ترین وی لاگ میں صحافی شاہد میتلا کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ کے انٹرویو کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ نے شاہد میتلا کو انٹرویو دینے کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ رپورٹ کیا جانے والا انٹرویو جعلی ہے۔
شاہد میتلا نے منصور علی خان کے اس دعوے پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منصور علی خان نے کبھی خود رپورٹنگ نہیں کی اس لیے انہیں اندازہ نہیں ہے کہ خبر کے متن اور ساخت سے ہی اس کے اصل ہونے کا پتہ چل جاتا ہے، جو بات منصور علی خان نے کی وہ کوئی سکہ بند صحافی نہیں کرے گا۔
شاہد میتلا نے مزید کہا کہ تجربہ کار صحافیوں کو اصلی کام اور صحافیوں کا پتا ہوتا ہے، انہوں نے مجھ سے فون پر بات کی تھی مگر انہوں نے پوری بات نہیں بتائی۔
شاہد میتلا کے اس سخت ردعمل پر منصور علی خان نے بھی جوابی ٹویٹ داغی اور کہاکہ آپ کی اس بات سے ہی آپ کی لاعلمی کا پتا چلتا ہے، میں نے اپنے کیریئر کا آغاز ہی بطور رپورٹر کیا تھا، آئندہ میرے بارے میں پوری تحقیق کرلیا کریں پھر اس کے بعد جو دل چاہے بیان دیں۔
منصور علی خان نےمزید کہا کہ دوسری بات تو یہ ہے کہ میں نے اپنے وی لاگ میں آپ کا موقف بھی دیا کہ آپ اپنے دعوے پر قائم ہیں، مجھے امید ہے آپ کے پاس اس انٹرویو کی ریکارڈنگ ضرور ہوگی، آپ ریکارڈنگ دکھا کر سب کے منہ بند کردیں، کیونکہ باجوہ صاحب ایسا کوئی بھی انٹرویو دینے کی تردید کررہے ہیں۔