فیس بک کی پیرنٹ کمپنی"میٹا"نے ہزاروں ملازمین نکالنے کا فیصلہ کرلیا

facebook-meta11.jpg


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور مشہور میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ کمپنی "میٹا" نے ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خبررساں ایجنسی رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق مشہور ٹیک کمپنیوں جیسے ٹویٹر اور مائیکروسافٹ جیسے اداروں کی جانب سے بڑی تعداد میں ملازمین کی برطرفی کاتسلسل اب فیس بک کمپنی میں بھی نظر آنا شروع ہوگیاہے،میٹا کمپنی نے 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑےپیمانے پر برطرفیاں کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میٹاورس ٹیکنالوجی پر زوردینے اور کمزو ر اشتہاری مارکیٹ میں رہتے ہوئے کمپنی کو بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے جس کی وجہ سےکمپنی نے 11 ہزار سےزائدملازمین کو برطرف کرنےکا فیصلہ کیا ہے، یہ رواں برس کمپنی سےنکالے جانے والے ملازمین کی سب سےبڑی تعداد ہوگی۔

اس حوالے سے میٹا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک زکر برگ نےاپنے ایک پیغام میں کہا ہےکہ آن لائن تجارت پہلے کے رجحانات پر واپس آگئی ہے، ساتھ ہی ساتھ اشتہارات کے نقصانات،مسابقت میں اضافہ اورمعاشی بدحالی کی وجہ سے کمپنی کی آمدنی توقع سے بھی کم ہوگئی ہے،گزشتہ برس کمپنی کے اخراجات ایک سو ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرگئے، اخراجات میں سب سے زیادہ پیسہ میٹاورس،آرٹیفیشل انٹیلی جنس، کاروباری پلیٹ فارمزاور اشتہارات پر خرچ کیے گئے، توقع ہے کہ آنے والے برس میں کمپنی کے اخراجات ایک سو ارب ڈالر تک رہیں گے۔