
ایک سال پہلے تک دوسرے سیاستدانوں میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے والا آج خود غداری کے فتووں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے: رہنما مسلم لیگ ن
سابق وفاقی وزیر فواد احمد چودھری نے سابق وزیر خارجہ ورہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری، مولانا فضل الرحمن کو کھل کھیلنے کا موقع دیا گیا تو ملک مزید غربت کا شکار ہو گا اور آنے والی نسلیں بحران کا شکار ہو جائیں گی۔
ہم اپنی کوششیں ان بحرانوں سے نپٹنے کیلئے جاری رکھیں گے، ہم اپنی آئیدیولوجی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان تحریک انصاف کے تمام سابقہ رہنمائوں سے ملاقات کی ہے۔ اسد عمر، پرویز خٹک، فرخ حبیب ، علی زیدی، حماد اظہر، شہزاد وسیم ودیگر قائدین سے رابطہ کیا اور اب شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کے مسائل کے حل کی طرف جانا ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ مشکل وقت گزر جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو 9 مئی کے واقعات میں براہ راست ملوث نہیں تھے انہیں اور اپنے کارکنوں کو جیلوں سے باہر لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اسے روکنا ہماری ذمہ داری تھی لیکن وہ ہو گیا، بے گناہ کارکنوں کو باہر لانے کی ذمہ داری ادا کرینگے۔
ہم اپنے تمام سیاسی قائدین سےمل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
فواد احمد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی ورہنما مسلم لیگ ن سلمان نعیم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ: فواد چودھری صاحب آپ نے اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا ذکر کر دیا ہے لیکن 2 دن پہلے علیم خان صاحب سے ان کے گھر پر جو ملاقات کر کے آئے ہیں وہ کیوں نہیں بتا رہے؟
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ: فواد چودھری صاحب کیا آپ یوتھیوں کی گالیوں سے ڈرتے ہیں؟ آج سے ٹھیک ایک سال پہلے تک دوسرے سیاستدانوں میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے والا آج خود غداری کے فتووں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔