
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ پھیلانے والوں کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان ہر ادارےکے سربراہ کو اپنا غلام بنانے کی آزادی، آئین، قانون اور سچائی سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران خان فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور ٹیریان نیازی کیسز سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی چوک پر اس حقیقی آزادی کے مناظر پوری قوم دیکھ چکی ہے، ان کا منصوبہ ایک بار پھر ملک میں لوٹ مار کی حقیقی آزادی کا ہے، اوپر سے عمران نیازی کی امریکہ سے لڑائی ہے جبکہ اندر سے بھائی بھائی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "میں امریکہ سے نہیں ڈرتا" سے لے کر "میری جان کو خطرہ ہے"، "امریکہ نے سازش نہیں کی" تک کے ہر جھوٹ سے نیا جھوٹ نکلتا ہے، حقیقی آزادی کے دعویدار پہلے امریکی لابی فرموں سے تو آزادی حاصل کرلیں، ان کے ہر بیان سے جھوٹ نکلتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کا غدار مینار پاکستان جیسی پاک صاف جگہ کو اپنے جھوٹ کیلئے استعمال کررہا ہے، ملک کے خلاف کام کرنے والے اس ایجنٹ کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔