فارن فنڈنگ انکوائری پر کیا وزیراعظم استعفیٰ دے دیں؟سپریم کورٹ

bOmCnSB.jpg


سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کو بطور وزیر کام سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ الیکشن کمیشن اگر فارن فنڈنگ انکوائری کررہا ہے تو کیا وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ نے کہا کہ خسرو بختیار وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ شوگر ملز کے مالک بھی ہیں، درخواست کے مطابق شوگر ملز پر نیب انکوائری چل رہی ہے، کون سا قانون کہتا ہے کہ وفاقی وزیر پر انکوائری شروع ہو جائے تو اسے عہدے سے مستفی ہونا چاہئے؟

جسٹس منصور علی شاہ نے مزید ریمارکس دیئے کہ آپ نیب قانون یا آئین کے حوالے سے یہ بات ثابت کر دیں کہ وفاقی وزیر کا انکوائری کی صورت میں مستعفی ہونا ضروری ہے،جس پر درخواست گزار احسن عابد نے کہا کہ روپا ایکٹ کہتا ہے کہ پبلک آفس ہولڈر امین ہونا چاہئے،درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ عدالت خسرو بختیار اور ان کے بھائی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم بھی دے،خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کو آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ کیس میں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیوں وفاقی وزیر خسرو بختیار اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں؟جسٹس عمر عطا بندیال نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کیس میں کوئی جان نظر نہیں آ رہی، آپ نے مثال دی دوسرے ملکوں میں ریلوے حادثے پر وزیر مستعفی ہو جاتے ہیں، یہ اخلاقی اقدار کی بات ہے جو جمہوری نظام میں مختلف ہوتے ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا کہ بتائیں انکوائری شروع ہونے پر ہمارے ملک میں کتنے وزیر آج تک مستعفی ہوئے؟ الیکشن کمیشن اگر فارن فنڈنگ کیس کی انکوائری کر رہا ہے تو کیا وزیراعظم مستعفی ہو جائیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست گزار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیس کی تیاری کر کے آئیں ورنہ عوامی وقت ضائع کرنے پر آپکو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی،عدالت نے درخواست گزار کو کیس کی تیاری کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔