پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں 3 مرد اور 3 عورتیں عید پارٹی کرنے میں مصروف تھے: ذرائع
عیدالاضحی کی خوشیاں منانے کے لیے راولپنڈی تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں عیدپارٹی میں تلخ کلامی کے بعد ایک شخص کی فائرنگ سے عورت سمیت 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پارٹی میں شامل 3 مرد اور 3 عورتوں نے مبینہ طور پر شراب نوشی کی تھی جس کے بعد تلخ کلامی ہونے پر علی عرف گندا نامی ملزم نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی ہونے والے دونوں افراد کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر بینظیر بھٹو شہید ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں واقع پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں 3 مرد اور 3 عورتیں عید پارٹی کرنے میں مصروف تھے جنہوں نے مبینہ طور پر شراب نوشی کی ہوئی تھی۔ پارٹی ختم ہونے کے بعد علی عرف گندا نامی ملزم نے ایک عورت نہال کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جس کو بچانے کی کوشش کرنے والے اسامہ شاہ پر بھی ملزم نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسامہ شاہ نامی شخص 2 گولیاں لگنے کے بعد شدید زخمی ہو گیا جسے ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر مقامی شہریوں کی مدد سے بینظیر بھٹو شہید ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعہ پیش آنے کے بعد سے علی عرف گندا نامی ملزم فرار ہے جس کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ زخمی ہونے والے اسامہ شاہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا ہے۔