
عوام ہوجائیں ہوشیار، بجٹ میں 470 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے کی تجویز
وفاقی حکومت نے نئےمالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کیلئے موجودہ ٹیکسز کو برقرار رکھتےہوئے مزید 470ارب روپے کے ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال فروری کے مہینے میں ایک منی بجٹ پیش کرکے170 ارب روپے کےاضافی ٹیکسز عائد کیے تھے، نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے دوران ان ٹیکسز کو برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ساتھ ہی ساتھ روز مرہ اشیاء پر اضافی جی ایس ٹی نئے بجٹ میں برقرار رکھنے، درآمدی دودھ، گوشت، مچھلی، جام جیلی اور چائے کافی وغیرہ پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کو برقرار رکھنے پر غور کیاجارہا ہے۔
بجٹ کی تیاریوں کے دوران عوام پر پرانے ٹیکسز برقرار رکھنے کے علاوہ مزید 470 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے کی تجاویز پر بھی غور کیاجارہا ہے، اس کےعلاوہ حکومت ٹیکس کلیکشن کو بڑھانے کیلئے نئے طریقہ کار متعارف کروانے پر بھی غور کررہی ہے۔