
عمران ایک اور مقدمے سے بچنا چاہتے ہیں تو بجلی کا بل ادا کریں، خرم دستگیر
وفاقی وزیر توانائی خرم دستیگر نے عمران خان کو زمان پارک کا بجلی کا بل ادا کرنے کا مشورہ دے ڈالا، جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا اگر عمران خان ایک اور مقدمے سے بچنا چاہتے ہیں تو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اسٹاف کو زمان پارک گھر کو چیک کرنے دیں۔
خرم دستگیر کہتے ہیں عمران خان بجلی کا بل ادا کر دیں تو مقدمے سے بچ جائيں گے،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے زمان پارک انتظامیہ کو بجلی چوری کی شکایت پر نوٹس جاری کیا،نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زمان پارک میں بجلی چوری کی اطلاع ملی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا شکایت پر لیسکو ٹیم نے چیک کرنےکی کوشش کی تو وہاں تعینات سکیورٹی نے اجازت نہیں دی،لیسکو ٹیم کے پاس اب پولیس سے مدد لینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو نےکہا تھا کہ انہیں زمان پارک میں بجلی چوری کی شکایات ملی ہیں،لیسکو کی ٹیم نے وہاں جانےکی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی نے اجازت نہیں دی،زمان پارک انتظامیہ کو دیے گئے نوٹس میں لیسکو نےکہا ہے کہ بجلی چوری کی شکایات کا جائزہ لینے کےلیے ٹیموں سےتعاون کیا جائے،بصورت دیگر لیسکو کے پاس پولیس سے مدد لینے کے علاوہ دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔
سوشل میڈیا پر بھی تبصرے ہونے لگے، عدیل راجا نے لکھا مسلہ یہ ہے کہ زمان پارک میں سولر سسٹم لگا ہے۔
عمر خیام نے لکھا زمان پارک میں عمران خان کا گھر مکمل طور پر سولرائزڈ ہے اور اس کی زیادہ تر بجلی واپڈا کی سپلائی سے آزاد ہے۔ میں نے تین مہینے پہلے سسٹم انسٹال کر لیا تھا۔ زمان پارک سے بجلی چوری کا الزام لگانا سراسر مضحکہ خیز ہے۔