عمران خان گڈ بکس میں آجائیں تو ان پر قائم کیسز ختم ہوجایں گے، مصطفیٰ نواز کھوکھر
سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ اگر عمران خان گڈ بکس میں آجائیں تو ان پر قائم تمام کیسز ختم ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج نیوز کے پروگرام "فیصلہ آپ کا" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اگر آج عمران خان گڈ بکس میں آجائیں گے اور ان کے تمام کیسز میں ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ امید تھی کہ اب نواز شریف 90 کی دہائی والی سیاست نہیں کریں گے مگر وہ پھر ایک بار ڈیل کرکے واپس آرہے ہیں۔
پروگرام میں شریک پاکستان بارکونسل کے رہنما حسن رضاپاشا نے کہا کہ تاریخ میں کسی مجرم کو ملک سے باہر جانے اور واپسی پر حفاظتی ضمانت ملنے کی مثال نہیں ملتی، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کیلئے 4 ماہ کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی،
اب نواز شریف کو واپس آکر عدالت میں سرینڈر کرنا ہوگا، حفاظتی ضمانت کی درخواست کسی مجرم کی جانب سے نہیں بلکہ ملزم کی جانب سے دائر کی جاسکتی ہے۔
عمران خان کے خلاف سائفر کیس سے متعلق سوال کے جواب میں حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ کیس سائفر کی کاپی گم ہوجانے سے متعلق ہے، سائفر کی ذمہ داری سیکرٹری خارجہ کی ہوتی ہے، کیس میں دیکھنا ہوگا کہ سیکرٹری خارجہ گواہ ہیں یا وعدہ معاف گواہ، پراسیکیوشن کو عدالت میں سائفر کو ڈی کوڈ کرکے پیش کرنا ہوگا۔