
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے، انہوں نے نوجوانوں کو مخالفین کو چو ر اور ڈاکو کہنا سکھایا۔
فیصل آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے نفرت کی سیاست کرتے ہوئے نوجوانوں کے ذہنوں مںیں نفرت پیدا کی، جب یہ اپنے مخالفین کو چوری کے طعنے دے رہے تھے تو فرح گوگی اربوں روپے اکھٹے کررہی تھی۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے وزیرآباد حملے کا الزام وزیراعظم شہباز شریف پر ، مجھ پر اور سینئر فوجی افسر پر لگا کر پورے ملک میں نفرت پھیلانےکی کوشش کی، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، انہوں نے پہلے جناح ہاؤس میں لوٹ مار کی اور پھر اس کو آگ لگادی، اب پی ٹی آئی والے سیاست چھوڑ رہے ہیں، عمران اسماعیل نے 13 دن بعد خدا حافظ کہا ، ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، چار سال اقتدار میں رہتے ہوئے انہوں نے شہباز شریف سے ایک بار بھی ہاتھ نہیں ملایا،فوج نے ایک موقع پر سیاسی لیڈر شپ سے کہا کہ بیٹھیں بریفنگ دینی ہے، اس وقت کی تمام اپوزیشن پہنچ گئی مگر عمران خان سابق آرمی چیف کی ڈیڑھ گھنٹہ منتوں کے باوجود میٹنگ میں نہیں آئے۔
یہ پہلے مذاکرات سے انکاری تھا اب کہتا ہے بات کرلیں، اس کے ساتھ مذاکرات کرلیں تو کیا شہداء کی فیملیرز ہمیں چھوڑیں گی۔