
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے، دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے عمران خان کے الزامات کا ردعمل بھی دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے حالیہ تقاریر میں عائد کیے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے پیمرا سے تقاریر کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں عمران خان کی لیہ،بھکر اور خوشاب میں کی گئی تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے،الیکشن کمیشن ریکارڈ موصول ہونے کے بعد اس کا جائزہ لے گا، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں عمران خان سے ان الزامات کے شواہد اور وضاحت طلب کی جائے گی۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو چھپ کر حمزہ شہباز یا مریم نواز سے ملنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ترجمان الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیاستدان خود چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کیلئے آتے ہیں، الزامات عائد کرنا سب سے آسان ہے،ان الزامات کا کوئی ثبوت ہے سامنے لائیں،ضمنی انتخابات میں صاف و شفاف پولنگ یقینی بنائیں گے، کسی مسٹر ایکس،وائی یا زیڈ کو نہیں جانتے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ ایسے الزامات پر ادارہ کسی دباؤ یا اشتعال میں آئے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا، سیاستدان اپنے آپس کے جھگڑے خود تک محدود رکھیں، الیکشن کمیشن کیلئے تمام سیاستدان برابر ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik1h1h1h1.jpg