
سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے اپنے خلاف بیان دینے پر درخواست دائر کی، درخواست میں وفاق، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عمران خان کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں مجھے براہ راست مجھے دھمکایا، عدالت فریقین کو میری گرفتاری سے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد سے روکے۔
اس سے قبل عمران خان نے رانا ثناء اللہ کے اس بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میری خواہش تو یہ ہے کہ ہم دونوں رہیں، تاہم اگر راناثناء اللہ ایسا کہہ رہے ہیں تو میں بس اتنا کہوں گا کہ وہ نہیں رہیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاتھا کہ ہمارا وجود ختم ہو رہا ہے، اب دونوں میں سے کسی ایک کا وجود باقی رہنا ہے۔اب عمران خان یا ہم میں سے کوئی ایک بچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لئے ہم ہر حد تک جائیں گے پھر یہ بھی نہیں سوچیں گے کہ کیا جمہوری ہے کیا غیر جمہوری، کیااصولی ہے اور کیا غیراصولی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ یا عمران خان سیاست سے منفی ہوجائے گا یا ہم ہوجائیں گے۔ عمران خان نے اس سٹیج پر لاکھڑا کیا اور یہ اسکا قصور ہے۔