اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے عمران خان کے خلاف ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کا معاملہ اٹھائیں گے اور اس حوالے سے ٹرمپ کی ٹیم بیٹی اور داماد سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایک اخبار سے گفتگو میں ذلفی بخاری نے تصدیق کی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم، بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "امریکی صدر کا حلف اٹھانے کے بعد، وہ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ ملاقاتوں میں عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کریں گے۔"
ذلفی بخاری نے مزید وضاحت کی کہ وہ ان ملاقاتوں میں نہ صرف عمران خان کے کیس بلکہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جمہوری اقدار کی پامالی اور قانون کی حکمرانی کی خرابیوں پر بھی گفتگو کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ "ڈونلڈ ٹرمپ کے دل میں عمران خان کے لیے نرم گوشہ ہے اور وہ ایک مرتبہ عمران خان کو سنائی گئی سزا پر تشویش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔"
علاوہ ازیں، ذلفی بخاری نے عمران خان کی طرف سے امریکی صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ "میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے ٹرمپ اور جے ڈی وانس کو اس تاریخی فتح اور کم بیک پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔" ذلفی بخاری نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی یہ جیت بڑی مشکلات اور رکاوٹوں کے بعد حاصل ہوئی ہے اور یہ فتح حقیقی تبدیلی اور معاشی استحکام کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔
انہوں نے ٹرمپ کی جیت کو جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے دنیا بھر کے ممالک کو امید ملتی ہے۔