لاہور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی سے متعلق درجنوں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں کے بعد انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت اہم پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں، ان مقدمات میں دہشت گردی اور بغاوت کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں 200 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے، اس مقدمے میں ریاست کے خلاف بغاوت، اقدام قتل اور دہشت گردی کی سنگین دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، حماد اظہر، سلمان اکرم راجا، مسرت جمشید چیمہ، شہباز، غلام محی الدین و دیگر شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جیل میں رہتے ہوئے اپنے پارٹی رہنماؤں کو ریاست مخالف تشدد پر اکسایا ہے جس کے بعد پارٹی رہنماؤں نے کارکنان کے ساتھ مل کر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی اور ریاست مخالف نعرے بازی کی۔
تھانہ ٹیکسلا میں بھی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے مظاہروں کے دوران 16 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مشتعل کارکنان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
لاہور کے دیگر علاقوں میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف متعدد مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، یہ مقدمات تھانہ ملت پارک اور ہنجروال تھانے میں درج کیے گئے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد میں بھی پولیس نے پی ٹی آءی کے خلاف درجنوں مقدمات قائم کیے اور سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ ڈی چوک اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا احتجاجی مظاہرہ تیسرے روز بھی جاری ہے، پولیس نے متعدد شہروں میں مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کرکے پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔