پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے کہ انہوں نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی ۔ وہ ایک بار پھر جھوٹے ترین شخص ثابت ہوئے ہیں ۔ قوم کو غیرملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہئے۔
ایک اور ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے میں آئین کی خلاف ورزی، جھوٹے حلف نامے جمع کروانے اور غیر ملکی رقم قبول کر نا عمران نیازی کے خلاف چارج شیٹ ہیں۔
شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ایک بار پھر ثابت ہوا کہ عمران نیازی ایک سرٹیفائیڈ جھوٹا ہے، قوم کو غیر ملکیوں سے فنڈ لینے والے شخص کی سیاست کے مضمرات پر غور کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو 34 غیر ملکیوں اور 351 کمپنیوں کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی جو غیر قانونی ہے۔