
شائقین کرکٹ کی طرف سے ورلڈکپ2023ء کے خصوصی ترانے کو مایوس کن قرار دیا گیا تھا
پاکستان کے معروف اداکار وگلوکار علی ظفر کی طرف سے آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ2023ء کے لیے نیا ترانہ بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شائقین کرکٹ کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے آفیشل ترانے "دل جشن جشن بولے" پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ شائقین کرکٹ کے ورلڈکپ 2023ء کے لیے جاری کیے گئے ترانے پر شدید تنقید کے بعد گلوکار علی ظفر نے نیا ترانہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی کے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکائونٹ سے کرکٹ ورلڈکپ2023ء کے آفیشل ترانے "دل جشن جشن بولے" کو چند دن قبل جاری کیا گیا تھا جس کو کمپوز بھارتی میوزیشن پریتم جبکہ بھارتی اداکار رنویر سنگھ نے گانے پر پرفارم کیا تھا۔ خصوصی ترانے میں کرکٹ ورلڈکپ 2023ء میں شامل تمام ٹیموں کے جھنڈے آویزاں کیے گئے تھے اور ویڈیو میں اینی میشن کا استعمال کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کرکٹ کی طرف سے ورلڈکپ2023ء کے خصوصی ترانے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ خصوصی ترانہ ایونٹ کے شایان شانہ ہونا چاہیے تھا صرف بالی وڈ سٹار کو ڈال دینا کافی نہیں تھا۔ پاکستانی شائقین نے گلوکار علی ظفر سے آئی سی سی کا خصوصی ترانہ بنانے کی فرمائش کی تھی۔
گلوکار علی ظفر کی طرف سے شائقین کرکٹ کی فرمائش پر اب سوشل میڈیا پر اپنا ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گلوکار نے پاکستان کے شائقین کرکٹ کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ایک آئی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے میں آپ سب لوگوں کے ساتھ مل کر ایک ورلڈکپ کیلئے ایک خصوصی ترانہ تیار کر سکتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ: ہمارے ملک کی عوام کو تفریح کے بہت کم موقع ملتے ہیں اس لیے جب بھی کرکٹ کا کوئی ایونٹ ہوتا ہے تو وہ چاہتے ہیں کہ ایسا ترانہ ہو جو دھوم مچا دے! پاکستان کے نوجوان رائٹرز، پروڈیوسرز اور میوزک کمپوزرز سے مخاطب ہوئے کہا کہ میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ میرے ساتھ مل کر ترانہ بنائے۔
انہوں نے لکھا کہ: جو لوگ بھی موسیقی سے دلچسپی رکھتے ہیں، چاہے وہ دھن بنا سکتے ہیں، گانے کے بول لکھ سکتے ہیں، گلوکاری کر سکتے ہیں یا کوئی آئیڈیا دینا چاہیں تو وہ میرا ساتھ دیں۔ آپ لوگ اپنے آئیڈیاز، گانے کے بول، دھن لکھ کر مجھے سوشل پر میڈیا ٹیگ کر کے شیئر کر دیں! پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ہم جمہوری طریقے سے اپنے لیے ترانہ تیار کریں گے،کوشش ہم کریں گے اور مدد اللہ کرے گا!