پنجاب کی تاریخ میں سب سے مہنگی گاڑی کی رجسٹریشن ہوئی ہے، یہ گاڑی کونسی ہے اور اس کی رجسٹریشن کس کے نام پر ہوئی ہے اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پارک ویو انکلیو پرائیویٹ لمیٹڈ گلبرگ کے نام پر ایک نئی رینج روور گاڑی کی رجسٹریشن کروائی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز پنجاب نے اس گاڑی کی رجسٹریشن کیلئے91 لاکھ10ہزار656روپے کی فیس وصول کی ہے، یہ محکمہ ایکسائز پنجاب کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی رجسٹریشن فیس ہے ، کمپنی نے یہ فیس ادا کرکے گاڑی رجسٹر کروالی ہے۔
صرف یہی نہیں کمپنی نے گاڑی کی رجسٹریشن پر اتنی بھاری رقم خرچ کرنے کے بعد گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کیلئے بھی نیلامی میں بھاری بولی لگاکر پرکشش نمبر حاصل کیا ہے۔
علیم خان کی کمپنی نے نیلامی میں اس گاڑی کیلئے "اے پی ایس1 "کاپرکشش نمبر 1 لاکھ31 ہزار300 روپے کی بولی لگاکر جیتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس گاڑی کی مالیت تقریبا17 کروڑ روپے سے زائد ہے جس کی رجسٹریشن اور نمبر پر مالک نے مجموعی طور پر 92 لاکھ32 ہزار956 روپے ادا کیے ہیں۔