
مبینہ طور پر موٹروے ریپ کیس کی کہانی پر مبنی ڈرامہ سیریل "حادثہ" کو نشر کرنے کی مشروط اجازت مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے موٹروے سانحہ کی متاثرہ خاتون کےٹی وی چینل پر نشر کیےجانے والے ڈرامہ سیریل "حادثہ" سے متعلق اٹھائے جانے والے اعتراضات کے بعد ڈرامے پرعائد پابندی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشروط طور پر ختم کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں ڈرامہ سیریل حادثہ نشر نا کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ڈرامے کی پانچویں قسط میں اگر کوئی ریپ سین ہے تو ڈرامے کے پروڈیوسر یا ڈائریکٹر اس سین کو دوبارہ نشر نا کرنے کا بیان حلفی عدالت میں جمع کروائیں۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ موٹروے پر جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون نے خاتون صحافی فریحہ ادریس سے رابطہ کرکے جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل حادثہ سے متعلق اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ڈرامہ ان کی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے، متاثرہ خاتون نےاس ڈرامے کو بند کراونے کی اپیل بھی کی اور اس سے خود کو پہنچنے والے دکھ کا اظہار بھی کیاتھا۔
بعد ازاں پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 30 اگست کو ڈرامے کو نشر کرنے سے روکنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد ڈرامہ کی پروڈکشن ٹیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔