تھائی لینڈ کی عدالت نے سزا یافتہ شخص کو کابینہ میں شامل کرنے پر وزیراعظم سریتھا تھاویسین کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیراعظم سریتھا تھاویسین نے ماضی میں سزا پانے والے ایک وکیل کو اپنی کابینہ میں شامل کیا اور انہیں وزیر مقرر کیاجس پر یہ معاملہ تھائی لینڈ کی عدالت کے سامنے پہنچ گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق عدالت میں 9 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، سماعت کے بعد 5-4 کے تناسب سے کیس کا فیصلہ سنایا گیا جس میں وزیراعظم کو برطرف کرتے ہوئے ک قرار دیا کہ وزیراعظم نے ایک اخلاقی طور پر بددیانت شخص کو اپنی کابینہ میں شامل کیا۔
برطرف وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں نے اپنے عہدے پر ایمانداری سے کام کیا تاہم عدلیہ کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ سریتھا تھاویسین کو وزیراعظم منتخب ہوئے ابھی ایک سال کا عرصہ بھی نہیں ہوا تھا، تھائی لینڈ کی 16 سالہ تاریخ میں وہ تیسرے وزیراعظم ہیں جنہیں عدالتی حکم کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا ہے، سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تھائی لینڈ میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔