وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، کہا جارہا ہے کہ ملاقات میں وزیراعلی پنجاب نے استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے۔
خبررساں ادارے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کے روبرو پیش کردیا ہے تاہم وزیراعظم نے یہ استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے۔
استعفیٰ پیش کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ اگر میرے استعفیٰ سے معاملات درست ہوتے ہیں تو میں عہدہ چھوڑنے کیلئے تیار ہوں، میں وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہوں گا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے وزارت اعلی کیلئے منتخب کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے منتخب کیا، مجھے کسی عہدے کا لالچ نہیں ہے۔
تاہم وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلی کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایات کی اور کہا کہ میں نے آپ کو وزیراعلی بنایا آپ ہی وزیراعلی رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی جانب سے اپنے حمایت یافتہ اراکین اسمبلی کے ہمراہ جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، ہم خیال گروپ کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹایا جائے۔