
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب کے 20 اضلاع میں ضمنی انتخابات میں شکست کے حوالے سے وجوہات جاننے کیلئے رپورٹ مرتب کرلی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں شکست کے حوالے سے وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کااہم اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب،سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان، رانا مشہود، سردار اویس لغاری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کاجائزہ لیا گیا ،اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن اور وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے بھی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اجلاس میں ضمنی انتخابا ت میں شکست کے حوالے سے تجزیاتی رپورٹ پیش کی، جس میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عوام نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو قبول نہیں کیا ، دوسری جانب سابقہ ٹکٹ ہولڈرز، بلدیاتی نمائندوں نے بھی ان امیدواروں کیلئے انتخابی مہم میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو کیا جانا چاہیے تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سخت معاشی فیصلے، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کی شرح میں انتہائی اضافہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی شکست کی بنیادی وجہ بنا، ضمنی انتخابات سے 2 روز قبل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا بھی عوام کی رائے پر خاطر خواہ اثر نہیں ہوا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shakak111.jpg