صدر مملکت چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری پر عمران خان کی وضاحت سے مطمئن

imran-khan-arif-alvi-cheif-amry.jpg


عمران خان کے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق بیان پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان نے اس کی مناسب وضاحت دیدی ہے، دراصل ہم سب الفاظ کے چناؤ میں ماہر نہیں ہیں مگر انہوں نے وضاحت کر دی اور میں اس سے مطمئن ہوں۔

نجی ٹی وی "جیو نیوز " کے پروگرام میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ اگر غیر ملکی مداخلت کا الزام ہے تو قومی سلامتی کمیٹی کی تحقیقات کو منظرِ عام پر لایا جائے، ان کا کہنا تھا اپنی لڑائیوں کی وجہ سے فوج کو موقع دیا جاتا ہے کہ فوج مداخلت کرے۔

صدر عارف علوی نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ اگر غیر ملکی مداخلت کے الزامات ہیں تو میں نے تو آن پیپر چیف جسٹس سے درخواست کی ہوئی تھی کہ اس کی تحقیقات ضروری ہے۔


وزیراعظم سے تعلقات سے متعلق سوال پر صدر عارف علوی کا کہنا تھا شہباز شریف سے اچھے تعلقات ہیں، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ میرے ان کے ساتھ خراب تعلقات ہیں، ہو نہیں سکتا کہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے تعلقات خراب ہوں۔

انہوں نے بتایا کہا کہ وزیراعظم آفس سے تقریباً 90 یا 95کے قریب تجاویز یا مشورے آئے ہوں گے، میں نے ان میں سے دو یا تین روکے اور ان کی وضاحت بھی کی لیکن باقی سب تجاویز یا مشوروں پر ہمارے درمیان ہم آہنگی ہے۔

سوشل میڈیا پر پابندی سے متعلق سوال کے جواب میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا یوٹیوب پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، یوٹیوب پر پابندی لگانا ایسا ہی ہے جیسے توپ سے مچھر مارنا۔