سیاستدانوں کی نااہلی کی مدت سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے بھی منظور ہوگیا ہے، نئے قانون کےتحت نااہلی کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سیاست میں دوبارہ انٹری کی راہیں ہموار ہونا شروع ہوگئی ہیں، سینیٹ کےبعد قومی اسمبلی سے بھی تاحیات نااہلی کی مدت کو پانچ سال تک محدود کرنے کا بل پاس ہوگیا ہے۔
دونوں ایوانوں سےمنظور ہونے کے بعد یہ بل توثیق کیلئے صدر مملکت کوبھجوایا جائے گا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی قائم مقام صدر مملکت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،لہذا یہ بل توثیق کیلئے صادق سنجرانی کو ہی بھیجا جائے گا جن کے دستخط کےبعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔
اس بل کے قانون بننے کےبعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سب سے پہلے مستفید ہونے والی اہم شخصیات ہوں گی۔
الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن232(قابلیت اور نااہلی) میں ترمیم کے بعد کسی بھی شخص کو پانچ سال سےزائد عرصے کیلئے نااہل نہیں کیا جاسکے گا، پانچ سال بعد وہ شخص قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کا اہل ہوگا۔