نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے صحت کارڈ پر دل کے امراض اور کارڈیالوجی سہولیات ختم ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا اور مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے یہ خبریں نشر کی جارہی تھیں کہ حکومت نے صحت کارڈ پر دل کے امراض کا علاج اور کارڈیالوجی سہولیات ختم کردی ہیں ۔
نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت کارڈیالوجی سہولیات بلا تعطل جاری ہیں، نا ہی صحت کارڈ کو بند کیا جارہا ہے اور نا ہی علاج کی سہولیات کو محدود کررہے ہیں، حکومت یہ کوشش کررہی ہے کہ اس سہولت کے ثمرات اصل حقداروں تک پہنچائے۔
انہوں نے مزید کہا ک نگراں پنجاب حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی سے ایک نیا معاہدہ کررہی ہے، عوام کو مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے اس منصوبے میں میں بہتری لارہے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ حکومت پنجاب نےصوبے بھرمیں صحت کارڈ کی سہولیات کو ایک مخصوص طبقے تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے کے تحت صوبے بھر میں دل کے علاج و آپریشنز بند کردیئے گئے ہیں، پرائیویٹ ہسپتالوں میں بائی پاس آپریشنز، انجیوگرافی و انجیوپلاسٹی بھی بند کردی گئی ہے۔
اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ صوبے بھر میں محکمہ صحت نے صحت کارڈ پر نارمل ڈیلیوری اور سی سیکشن آپریشن کی سہولیات ختم کردی ہیں۔