
سندھ حکومت نے صوبے کے عوام کیلئے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو صرف 7ہزار روپے میں مکمل سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ کے عوام کو سستے داموں سولر سسٹم فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے، اس منصوبے کے تحت کراچی کے 50 ہزار گھرانوں سمیت سندھ کے 2 لاکھ گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ہر گھرانے کو 7 ہزارروپے میں سولر سسٹم فراہم کیا جائے گااس سسٹم سے گھر کا ایک پنکھا اور 3 ایل ای ڈی بلب جلائے جاسکتے ہیں، سسٹم میں سولر پینل، بیٹری اور چارج کنٹرولر شامل ہوگا۔
منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹر سندھ سولرا نرجی کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں 6ہزار 656 سولر سسٹم تقسیم کیے جائیں گے، اکتوبر میں اس منصوبے کا آغاز ہوجائے گا، جیسے ہی حکومت کی خریداری مکمل ہوجائے گی شہریوں میں اس کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کیلئے ورلڈ بینک نے سندھ حکومت کو 3 کروڑ 20لاکھ ڈالرز کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، منصوبے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sola11h1h21.jpg