
اسلام آباد پولیس نے ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف ملزم شہباز گل کے پارلیمنٹ لاجز میں کمرے سے پولیس کی طرف سے برآمد شدہ پستول کو غیر قانونی قرار دے دیا اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے سوموار کی شب ایس ایس پی انویسٹی گیشن فرحت عباس کاظمی کی زیرنگرانی پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا اور وہاں ایک سیٹلائٹ فون، دو آئی فون، یو ایس بی، پستول، ڈائری اور متعدد دیگر متعدد اشیاء برآمد کی تھیں۔ پولیس نے شہباز گل سے پوچھا کہ یہ سارا سامان آپ کا ہے؟ تو شہباز گل کا کہنا تھا کہ ان اشیاء سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ کمرے میں کافی چیزیں بدلی ہوئی ہیں، ایسا لگتا ہے میری گرفتاری کے بعد اس کمرے میں کوئی آیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کمرے سے برآمد کی گئی پستول کی ملکیت کی تصدیق کرنےسے انکار کر دیا تھا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق شہباز گل کے پارلیمنٹ لاجز میں کمرے سے برآمد پستول کی ملکیت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی، تصدیق کی جا رہی ہے، اگر لائسنس پیش نہ کیا گیا تو اس کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں الگ سے درج کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ لاجزمیں شہباز گل کمرہ نمبرایف 206 میں رہائش پذیرتھے۔ ان کے کمرے کی مکمل تلاشی لی گئی۔ شہبازگل کے کمرے سے کچھ اہم دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔ اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں چھاپے کے وقت شہباز گل کو اپنے ساتھ لائی تھی۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔